گورنمنٹ مرے گریجویٹ کالج سیالکوٹ میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

بدھ 17 اگست 2022 22:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) گورنمنٹ مرے گریجویٹ کالج سیالکوٹ میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ ملی نغمے اور تقریری مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں مختلف شعبوں کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر محمد نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی میں ہمارے بزرگوں اور آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دی ہیں زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن انتہائی جوش و خروش سے مناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں قانون کی خلاف ورزی کی بجائے اللہ کے آگے سجدہ شکر ادا کرنا چاہئے یہ آزادی اللہ تعالی کی نصرت اور مدد سے ملی ہے اور آج ہم ایک آزاد ملک میں سانسیں لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی دھرتی کا تحفظ کرنا ہے ہمارے شہدا پاکستان کی حفاظت کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں۔آخر میں پرنسپل ڈاکٹر محمد نواز نے پاکستان کے حوالے سے قائد اعظم اور دور قدیم کے لوگوں کے حق میں چند تعریفی کلمات کہے اور ان کی جدو جہد کو سراہا۔ پرنسپل، وائس پرنسپل پروفیسر نصیر غازی،،پروفیسر محبوب عارف،پروفیسر مہر الیاس اور چند دیگر پروفیسران نے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔