بلدیاتی ادارے ٹاؤن پلاننگ کے مطابق شہریوں کو میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں، صوبائی وزیر فیصل امین گنڈاپور

بدھ 17 اگست 2022 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2022ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے ضم اضلاع سمیت صوبے بھر کے تمام بلدیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹاؤن پلاننگ کے مطابق شہریوں کو میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے رواں مون سون بارشوں اور محکمہ موسمیات کی تھنڈر برسٹ و خراب موسمی صورت حال پیشگوئی کے پیش نظر نکاس کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان صوبے کی تیز تر ترقی کیلئے تمام محکموں کو فعال دیکھنا چاہتے ہیں جس میں محکمہ بلدیات کا بھی کلیدی کردار بنتا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت و صفائی، آبنوشی اور نکاس کی بہترین سہولیات کی فراہمی بلدیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ان ذمہ داریوں کی بطریق احسن ادائیگی میں پلاننگ کا بھی بنیادی عمل دخل ہوتا ہے اسلئے بلدیاتی اداروں کا فرض ہے کہ ان بنیادی مقاصد کے حصول کو اپنا نصب العین بنائیں اور متعلقہ محکموں کے اشتراک سے بہترین منصوبہ بندی کرکے شہریوں کو میونسپل خدمات مہیا کریں۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ موسم برسات کی وجہ سے شدید بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے وہاں کے لوگوں کو مزید نقصانات سے دوچار کیا ہے مگر صوبائی حکومت اور عوام ایسی موسمی تباہ کاریوں کے متحمل نہیں ہو سکتے لہٰذا بلدیاتی اداروں کی مکمل تیاری ہونی چاہئے کہ بہتر نکاس کی بدولت شدید بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کم سے کم سطح پر لائے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام بلدیہ اہلکار بلا امتیاز اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دیں گے اور عوام کو میونسپل سہولیات کے ضمن میں زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کریں گے۔