صوابی میں سرکاری سطح پر پہلے تھیلیسمیاسینٹر کی تکمیل مکمل، افتتاح جلد ہوگا

بدھ 17 اگست 2022 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2022ء) صوابی کی تحصیل چھوٹا لاہور کے تدریسی ہسپتال میں ایم ٹی آئی صوابی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے سرکاری سطح پر پہلے تھیلیسیما سینٹر کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ تھلیسمیاسینٹر میں خون عطیہ کرنے کی پہلی مہم چلائی گئی۔ خون عطیہ کرنے کی مہم میں میں وزیر اعلی خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے سب سے پہلے خون عطیہ کرکے سینٹر کے پہلا بلڈ ڈونر بن گئے۔

انھوں نے نوجوانوں کواس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنے کی بھی اپیل کی۔ بعد ازاںاسسٹنٹ کمشنر چھوٹا لاہور لبیقہ اکرم اور انکی ٹیم نے تحصیل ہسپتال چھوٹا لاہور میں منعقدہ بلڈ کیمپ کا دورہ کیا اور خون عطیہ کرنے والے تمام ڈونرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

بلڈ کیمپ میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی اور خون عطیہ کرنے کی اس خصوصی مہم میں حصہ ڈالا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صوابی میں 300سے زائد تھیسلیمیا کے مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں خون کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے بتایاکہ پہلے وہ مریض اسلام آباد یا پشاور جاتے تھے مگر اب صوابی میں تھیلیسمیا سینٹر کے قیام سے انکا مسلہ حل ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مقامی سطح پر خون جمع کرنے والی تنظیمیں بھی اس مہم میں ضلعی انتظامیہ اور ایم ٹی آئی صوابی کا ساتھ دے رہی ہے انہوں نے خصوصی طور پر ایم ٹی آئی صوابی کے بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیااور عوام سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ بلڈ ڈونیشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ایڈیشنل ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹرحامد خان یوسفزئی نے ضلعی انتظامیہ کی پوری ٹیم کو تھیلیسمیا سینٹر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر میں تمام ضروری آلات نصب کئے گئے ہیں اور مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر حامد نے بتایا کہ خون عطیہ کرنے والوں کا پہلے اسکریننگ ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور پھر باقاعدہ انہیں ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر حامد کے مطابق مجموعی طور پر 40بیگزخون جمع کیا گیا اور 250بلڈ ڈونرز نے خودکو ادارے کے ساتھ رجسٹر ڈ کیا۔ اسی طرح 25تھیلسمیا کے مریضوں کی رجسٹریشن بھی مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ لوکل سطح پر بلڈ ڈونیشن کی تین تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ کے تحت تھیلسمیا سینٹر کے ساتھ رجسٹرڈ ہوگئے ہیں۔ایم ٹی آئی صوابی کے ترجمان کے مطابق تھیلیسمیا سینٹر پر گزشتہ تین مہینوں سے کام جاری تھاجبکہ بورڈ آف گورنرز، ہسپتال انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کی مخلصانہ کوششوں سے سینٹر کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

سینٹر میں نہ صرف تھلیسمیاکے مریضوں کوسہولت دی جائے گی بلکہ یہاں ریسرچ بھی کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ صوابی کا شمار بھی ان متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں جہاں تھیلیسمیا کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ تحصیل ہسپتال چھوٹا لاہور میں قائم صوابی تھیلسیمیا سینٹر سے اب دوسروں کے عطیہ کردہ خون پر جینے والوں کو کوئی مشکات نہیں ہوگی۔اس سینٹر سے نہ صرف صوابی بلکہ آس پاس کے دیگر اضلاع سے بھی مریضوں کو سہولت دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :