Live Updates

پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے،میاں محمود الرشید

بدھ 17 اگست 2022 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرا کے اقتدار نچلی سطح پر عوام کے حقیقی نمائندوں کو منتقل کرنے کی خواہاں ہے جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ منگل کے روز اپنی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں نیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ لانے کے لیے مختلف پہلوں پر غور و خوض کیا گیا جبکہ سیکریٹری بلدیات نے مجوزہ ترامیم پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ سابقہ بلدیاتی قانون کو تبدیل کر کے اسے عمران خان کے ویژن کے مطابق ڈھالا جائے گا تاکہ صوبہ میں صحیح معنوں میں بلدیاتی نظام قائم ہو جس کے تحت مقامی مسائل عوام کے منتخب کردہ مقامی نمائندے ہی حل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تبدیلی کے لیے ترامیم جلد مرتب کر کے آئندہ پیر تک مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مجوزہ ترامیم وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کی جائیں گی اور ان کی منظوری کے بعد اسمبلی سے قانون منظور کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منظور کردہ 2019 کا ایکٹ عوامی امنگوں کے قریب تر تھا لیکن اتحادیوں نے محض انا کی خاطر اسے بدل دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ای وی ایم کے تحت مکمل طور پر شفاف بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں ۔ انہوں نے سیکریٹری بلدیات کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نئے قانون میں عام اور مخصوص نشستوں کی شرح میں موجود عدم توازن دور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کے افسران کو ہدایت کی کہ الیکشن کمشن کے ساتھ موثر رابطہ رکھ کربلدیاتی انتخابات میں حائل تمام رکاوٹیں بلاتاخیر دور کی جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات