فوڈ اتھارٹی کارروائیاں ‘ 3ریسٹورنٹس ‘ہول سیل پوائنٹسودکانیں سیل

کوہاٹ میں ریسٹورنٹ میں ناقص صفائی کیساتھ خراب گوشت برآمد کیا گیا، ریسٹونٹ سربمہر

بدھ 17 اگست 2022 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ہری پور، کوہاٹ، دیر بالا، چارسدہ اور لکی مروت میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تین ریسٹورنٹس، چپس ڈسٹریبیوشن سنٹر اور متعدد دکانیں سربمہر کردی ہیں۔ ہری پور شہر مین بازار میں صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر معیاری اشیا پر متعدد ریسٹورنٹس کو سربمہر کردیا گیا، اور مالکان پر بھاری جرمانے عائد کردئے گئے۔

کوہاٹ میں ناقص اشیا خوردنوش کے خلاف کاروائیاں کی گئی، فوڈ سیفٹی قوانیں کی خلاف ورزیوں، خراب گوشت اور ابتر صفائی پر ایک ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا، منرل واٹر کارخانوں اور جوس کے ہول سیل ڈیلرز سے بھی سمپلز لے کر موقع پر جدید موبائل فوڈٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹ کئے گئے۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق چارسدہ میں بھی اشیا خوردنوش سے وابستہ مختلف کاروباروں کے معائنے کئے گئے، انسپکشن کے دوران غیرمعیاری چپس اور پاپس کی ڈسٹریبیوشن پوائنٹ کو سیل کرکے بھاری جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ دیگر خوراک سے وابستہ کاروباروں کو فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ایس او پیز کے حوالے سے اگاہ کیا گیا۔

دیر بالا میں براول روڈ پر سورباٹ اور اباکنڈ کے علاقوں میں کاروائیاں کی گئی، ایک دکان سے ممنوع چائنہ سالٹ برآمد ہونے پر سیل کردیاگیا۔ لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر ناکہ بندی کے دوران خوراک سپلائی کرنے والی گاڑیوں کا جائزہ لیا گیا۔ انسپکشن کے دوران ایک گاڑی سے مس لیبل چپس برآمد کئے گئے، جسے ضبط کرلیا گیا اور مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ایک دکان سے ممنوع چائنہ سالٹ برآمد ہونے پر سیل کردیا گیا۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں انسپکشن کے دوران فوڈ سفیٹی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کے ساتھ کاروباری حضرات کو معیاری میں بہتری کے حوالے سے اگاہی دی گئی۔