/اسمبلی سیکرٹریٹ مظفرآباد آزاد کشمیر کا ملازم فیض آباد میں ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا ، پچاس ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے

بدھ 17 اگست 2022 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2022ء) اسمبلی سیکرٹریٹ مظفرآباد آزاد کشمیر کا ملازم تھانہ آئی نائن کے علاقہ فیض آباد میں ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا۔ڈاکو پچاس ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔مظفرآباد کے رہائشی خالد رحمان نے پولیس تھانہ آئی نائن کو بتایاکہ میں اسمبلی سیکرٹریٹ مظفرآباد کا ملازم ہوں۔

11 اگست کی صبح پانچ بجے مظفرآباد جارہاتھا۔

(جاری ہے)

فیض آباد کے مقام پر پہنچا تو بس سٹاپ پر ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی کھڑی تھی جس میں تین افراد سوار تھے۔ایک شخص نے اتر کر پوچھا کہ کہاں جانا ہے۔جس پر میں نے جواب دیا کہ مظفرآباد۔جس پر اس شخص نے کہا ہم بھی مظفرآباد جارہے ہیں اور ایک ہی سیٹ خالی ہے۔میں گاڑی میں جیسے ہی بیٹھا تو انہوں نے گاڑی کے دروازے لاک کردیئے اور گن نکال کر میری کنپٹی پر رکھ دی۔ملزمان نے مجھ سے اے ٹی ایم کارڈ چھین لیا اور اس کا پاس ورڈ بھی لے لیا۔بعدازاں ملزمان نے اکاؤنٹ سے پچاس ہزار روپے نکال لئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔