یونیورسٹیز میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کو فروغ دینے سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،گورنر پنجاب

بدھ 17 اگست 2022 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل لاہور میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان ایپ سپ کے زیر اہتمام ایکیڈیمک ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن ، چیئر مین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمن، ریکٹر سپیریئریونیورسٹی لاہور ، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی بشری مرزا، وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک کی جا معات کی بین الاقوامی سطح پر بہتر ہوتی درجہ بندی فخر کی بات ہے اس حوالے سے پرائیوٹ سیکٹر ہونیورسٹیاں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی قوم کا مستقبل ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے تاکہ ہمارے نوجوان ہر شعبے میں ترقی یافتہ ملکوں کا مقابلہ کرسکیں۔

اس وقت وہ جامعات اور درسگا ہیں جو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یونیورسٹیز میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کو فروغ دینے سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یونیورسٹیوں کا انڈسٹری کے ساتھ روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق ادوار میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں خطیر اضافہ کیا گیا۔انہوں نے مذید کہا کہ بطور چانسلر انہوں نے یونیورسٹیوں کے چارٹر کیسز کو کم وقت میں نمٹانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر متعلقہ یونیورسٹیاں طے کردہ معیار پر پورا اترتی ہیں تو پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن 90 دن میں جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ 30 دن میں یہ کیسز آگے فارورڈ کرے گا۔

گورنر پنجاب نے مذید کہا کہ ستمبر کے آخر میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں نوجوانوں کی کردار سازی، ماحولیات، ویمن ایمپاورمنٹ، آئی ٹی سمیت چھ شعبوں میں کنسورشیمز بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بہتری کارکردگی پر وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر بشری مرزا، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج لاہور اصغر زیدی،وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سلیمان طاہر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، ریکٹر سپیرئر یونیورسٹی ڈاکٹر سمعیرا رحمان سمیت تعلیمی ماہرین میں اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈز تقسیم کیے۔