یمن میں شدید بارشیں اور سیلاب ، 77 افراد ہلاک، 2لاکھ افراد متاثر

جمعرات 18 اگست 2022 11:48

یمن میں شدید بارشیں اور  سیلاب ، 77  افراد ہلاک، 2لاکھ افراد متاثر
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) یمن میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث بچوں سمیت 77 افراد ہلاک اور 2 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے) نے بتایا کہ یمن میں گزشتہ ماہ کے وسط سے رواں ماہ کے وسط تک ہونے والی شدید بارشوں اورسیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

پورٹ میں بتایاگیا کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو پناہ گاہیں، خوراک، پینے کا صاف پانی، صفائی اور حفظان صحت کی سہولیات اور دیگراشیا فراہم کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے لیے مقامی افراد کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے ہونے والی بارشوں سے تقریباً20ہزار افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ فنڈز کی شدید کمی کی وجہ سے امدادی کارروائیاں متاثر ہورہی ہیں۔ حکام نے کہا کہ کیمپ کوآرڈینیشن اور مینجمنٹ کلسٹر کو رواں سال مطلوبہ امدادی فنڈنگ کا 1 فیصد سے بھی کم امداد ملا ہے اور ریپڈ رسپانس میکانزم کلسٹر کو کوئی فنڈنگ نہیں ملی ہے۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ عالمی ادارہ نے تمام عطیہ دہندگان اور شراکت داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یمن میں انسانی ہمدردی کے منصوبے میں بھر پور تعاون کریں ۔