خارکیف میں روسی بمباری کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، 16 زخمی

بدقسمتی کی بات ہے کہ بمباری کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،گورنرکیف

جمعرات 18 اگست 2022 13:29

خارکیف میں روسی بمباری کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، 16 زخمی
کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) مقامی حکام نے بتایاہے کہ یوکرین کے دوسرے شہر خارکیف میں روسی بمباری میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوئے، جبکہ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کو "شرمناک" قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق خارکیف کے میئر ایگور تیریخوف نے ٹیلی گرام بتایا تھا کہ روسی بمباری کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں تاہم علاقائی گورنر اولیگ سینیگوپوف نے ہلاکتوں کی تعداد چھ بتائی ہے جب کہ سولہ زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے ٹیلی گرام کے ذریعے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بمباری کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ایگور تیریخوف نے مزید کہا کہ روسی بمباری کا نشانہ بننے والی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔درایں اثنا یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بمباری کے نتیجے میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت کی "مکمل تباہی" کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ روس کا شہریوں پرشرمناک حملہ ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ یہ ایک جارح ملک کی بزدلانہ حرکت ہے اور ہم اسے معاف نہیں کریں گے۔