قطر کا خطے کی منفرد بیچ جلد عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

فیفا ورلڈ کپ کیلئے خلیجی ملک کا رخ کرنے والے غیرملکیوں کو ایک اور بہترین انٹرٹینمنٹ ملے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اگست 2022 16:38

قطر کا خطے کی منفرد بیچ جلد عوام کیلئے کھولنے کا اعلان
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اگست 2022ء ) قطر کا خطے کی منفرد بیچ جلد عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا، فیفا ورلڈ کپ کیلئے خلیجی ملک کا رخ کرنے والے غیرملکیوں کو ایک اور انٹرٹینمنٹ ملنے کا امکان پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق قطر ٹورازم نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اعلان کیا کہ فویریت کائٹ بیچ کو اس سال عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جس کے ساتھ ہی یہاں آنے والوں کو چمکیلی نیلی لہروں پر سرفنگ کرتے ہوئے پُرجوش نظارے دیکھنے کا موقع ملے گا، قطر کی ساحلی پٹی اور پرسکون سمندر کا تجربہ کریں گے، جہاں آبی کھیلوں کے شوقین افراد ایڈونچر کی سرگرمیوں جیسے کائٹ سرفنگ، پیڈل بورڈنگ، پیرا سیلنگ، ویک بورڈنگ، کیکنگ، سنورکلنگ، سکوبا ڈائیونگ اور بہت کچھ سے لطف اندوز ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ قطر ٹورازم، ڈسکور قطر اور قطر ایئرویز کے تعاون سے بنائی گئی یہ سائٹ روڈ کے ذریعے دوحہ سے 1 گھنٹہ 20 منٹ شمال میں اور حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 90 منٹ کی دوری پر فویریت گاؤں سے 1.5 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے، Fuwairit Kite Beach کو دنیا کے بہترین کائیٹ سرفنگ مقامات میں سے ایک اور بہترین کے طور پر بیان کیا گیا ہے جہاں 9 ماہ تک میسر آنے والی ہوا اور علاقے کی فلیٹ لگون مل کر اسے سرفنگ کے لیے مثالی بناتی ہے، یہاں آنے والے ابتدائی یا تجربہ کار سرفر کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ آن سائٹ ماہرین اور اساتذہ تربیت کے لیے ساحل سمندر پر تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کائٹ بورڈنگ کے علاوہ ساحل سمندر پر ایک ریزورٹ بھی بنایا گیا ہے، جو ساحل سے صرف 30 میٹر کی دوری پر رہائش، یوگا اسٹوڈیو، مکمل طور پر جدید سامان سے لیس جم، پول، اسنارکلنگ اور ڈائیونگ کی سہولیات پیش کرتا ہے جہاں آنے والوں کو مختلف قسم کے مستند قطری ذائقے اور بین الاقوامی پکوان بھی ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :