کم از کم 5 ہزار درہم نقد رقم‘ کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور مناسب ورک ویزا کا حصول لازمی قرار

دبئی قونصلیٹ نے ویزا اصلاحات میں لاگو نئے قوانین سے پاکستانیوں کی آگاہی کیلئے خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اگست 2022 17:23

کم از کم 5 ہزار درہم نقد رقم‘ کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور مناسب ورک ویزا کا حصول ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اگست 2022ء )  دبئی جانے والے پاکستانیوں کے لیے کم از کم 5 ہزار درہم نقد رقم‘ کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور مناسب ورک ویزا کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا، دبئی قونصلیٹ نے ویزا اصلاحات میں لاگو نئے قوانین سے پاکستانیوں کی آگاہی کیلئے خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل نے متعلقہ حکام کو خط ارسال کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ پر ایک مسافر کی جانب سے استفسار کے بعد پاکستانی قونصلیٹ کے عملے نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام نے متعدد وجوہات کی بناء پر دبئی ایئرپورٹ پر تقریباً 80 پاکستانی شہریوں کا داخلہ روک دیا ہے، ان میں سے 40 کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا جب کہ باقیوں کو بھی مختلف دستیاب پروازوں پر واپس بھیجا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ امیگریشن حکام کے ان مسافروں کو اس لیے یو اے ای داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی کیوں کہ ان مسافروں کے پاس وزٹ ویزے کے ڈمی ریٹرن ٹکٹ تھے، مسافر متحدہ عرب امارات میں قیام کے لیے ضروری رقم ظاہر کرنے سے قاصر تھے جب کہ ان میں سے اکثر نے مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام کو مطلع کیا کہ وہ ملازمت کے مقاصد کے لیے متحدہ عرب امارات آئے تاہم ان کے پاس وزٹ ویزے تھے۔

قونصلیٹ کے عملے نے متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام سے درخواست کی کہ پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت دیں جن کے پاس درست ویزا ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ مذکورہ وجوہات کی بنا پر ان مسافروں کے داخلے سے انکار کر دیا گیا۔ خط میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو مناسب ورک ویزا حاصل کرنے لیے ضروری معلومات سے آگاہ کیا جائے، ان کے پاس درست ریٹرن ٹکٹ ہونا ضروری ہے اور کم از کم 5 ہزار درہم نقد رقم موجود ہونی چاہیے۔