کشمیر پر بھارت کا بزور طاقت و جبر ناجائز قبضہ پوری دنیا کے ضمیر کے لئے سوالیہ نشان ہے، فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ویبینار سے مقررین کا خطاب

جمعرات 18 اگست 2022 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) پوری دنیا میں مقیم کشمیری بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں،کشمیر پر بھارت کا بزور طاقت اور جبر ناجائز قبضہ پوری دنیا کے ضمیر کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایک ویبینار میں کیا۔ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین جن میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، یو کے سے لارڈ قربان حسین لارڈ واجد خان، شیڈو منسٹر آف یوکے ڈاکٹرافضل خان، سابق ممبر آف پارلیمنٹ یو کے شفق محمود، مشال ملک، سابق وفاقی وزیر اطلاعات نثار میمن، ترکی سے ترگئی ایورن،بیلجیم سے علی رضا سید،فرانس سے مرزا آصف جرال اور زاہد ہاشمی، برطانیہ سے ظفر قریشی، مظفرآباد سے میر غلام مصطفی، میرپور آزاد کشمیر سے فرخ اویس چودھری، سرینگر سے سینئر صحافی اور سید علی شاہ گیلانی کے داماد افتخار گیلانی اور اسلام آباد سے عبدالحمید لون وائس چیئرمین فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور امریکہ سے طاہر خواجہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی جارحیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کشمیر کی جنت نظیر وادی اپنے لہو میں نہائی ہوئی ہے اور پورا خطہ ایک انسانی جیل کی صورت اختیار کر چکا ہے جہاں کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق بھی حاصل نہیں ہیں، کشمیر کی تمام حریت قیادت انڈیا کی دور دراز جیلوں میں قید ہے اور علاج معالجے کی سہولیات کے بغیر ابتر صورتحال سے دوچار ہے،آج کشمیری سیاہ قوانین کی بدولت اپنے گھروں میں غیر محفوظ ہیں اور انڈین فورسز ز جب چاہیں جہاں چاہیں کسی بھی کشمیری کونام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے لے جاتے ہیں اور شہید کر دیتے ہیں۔

مقررین نے کشمیر میں ہونے والی ڈیموگرافک چینجز کی نشاندہی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انڈیا کے مکارانہ ہتھکنڈوں کو روکنے کے لئے جارحانہ سفارتی حکمت عملی اپنانا ہوگی اور اور بین الاقوامی عدالت انصاف سے سے رجوع کرنا ہو گا۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت پر اقتصادی پابندیوں کا بھی مطالبہ کیا۔ ویبینار کی نظامت ریحانہ علی نے بھرپور انداز میں کی، بھارت کی کشمیر میں اس کے اپنے ہی آئین کی خلاف ورزیوں کے حوالے بھی دیئے۔