وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چیئرمین نادرا طارق ملک کی ملاقات

جمعرات 18 اگست 2022 23:16

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چیئرمین نادرا طارق ملک  کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے جمعرات کوملاقات کی ۔ ملاقات میں نادرا کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ چیئرمین نادرا نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نادرا کی جانب سے فراہم کی جانیوالی مختلف ڈیجیٹل آن لائن سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے گڈ گورننس میں شفافیت آئے گی۔ چیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا کا تیار کردہ جدید آن لائن نظام کے ذریعے سمندر پار پاکستانی اب پاور آف اٹارنی آن لائن گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے،آزمائشی مرحلے میں امریکا اور برطانیہ میں موجود 10 مشنز میں جدید آن لائن نظام شروع کیا گیا ہے،نادرا کے جدید آن لائن نظام کا دائرہ کار بہت جلد پوری دنیا کے موجود پاکستانی مشن میں پھیلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین نادرا نے سمارٹ کارڈ کے سکیورٹی فیچرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔شناختی کارڈ میں وہ سکیورٹی فیچرز شامل کئے جس سے یہ دنیا کا محفوظ ترین کارڈ بن گیا ہے۔ وزیر خارجہ نے ہدایت دی کہ پاکستان میں موجود سفارتی مشنز کو سمارٹ کارڈ ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین نادرا نے چمن اور طورخم بارڈر پر نادرا کے تیار کردہ انٹیگریٹد بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

چیئرمین نادرا نے بتایا کہ انٹیگریٹد بارڈر مینجمنٹ سسٹم دنوں ممالک کے شہریوں کو ان کی نقل و حرکت اور سفری دستاویز کی فوری تصدیق کو یقینی بناتا ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کے وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول میں حائل مشکلات کو دور کرتے ہوئے مخصوص وراثتی سرٹیفکیٹ ڈیسک قائم کئے۔اب بیرون ملک مقیم پاکستانی وراثتی سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست جمع کروا سکتے ہیں اور ان کو پاکستان آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔