کوٹ بھلوال جیل کشمیری اور پاکستانی قیدیوں کیلئے موت کا ایک نیا پھندہ بن گئی ہے، الطاف حسین وانی

جمعرات 18 اگست 2022 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماءالطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ جموں کی کوٹ بھلوال جیل مظلوم کشمیری اور پاکستانی قیدیوں کےلئے موت کا پھندہ بن چکی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ان قیدیوں کے جعلی مقابلوںمیں قتل کی شدید مذمت کی جن کے خلاف عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔

انہوں کہاکہ بے گناہ قیدیوں کوعسکریت پسند قراردیکر جعلی مقابلوں میں قتل انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں زون کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کشمیری قیدی محمدعلی حسین کو بھی ایک جعلی مقابلے میں قتل کیاگیا ہے جیسے گزشتہ سال آزاد کشمیر کے ایک شہری ضیا مصطفی کو شہید کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضیا بھی جموں کی اسی جیل میں قید تھا۔

اسے جیل سے باہر نکال کر بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ کے علاقے بھٹہ دوریاںمیں جنگل میں لے جا ایک نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کردیاتھا۔الطاف حسین وانی نے کہا کہ فوجیوں نے علی حسین کوبھی ایک جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضیا ء مصطفی کی طرح علی حسین کو بھی رات کے آخری پہر جیل سے نکال کر کنٹرول لائن کے قریبی علاقے پھلیاں منڈل میں شہید کیاگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یکے بعد دیگرے کشمیری قیدیوں کے جعلی مقابلوں میں قتل سے کوٹ بھلوال جیل میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علی حسین کا جعلی مقابلے میں قتل بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔الطاف حسین وانی نے کہاکہ کوٹ بھلوال جیل میں قید تقریباً 11ہزار500قیدیوں نے جیل سے دور ایک ساتھی قیدی کے قتل کی اطلاع ملنے کے بعد بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق محمد علی حسین کو بتایا گیاتھا کہ اسے اس کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کیلئے بنگلور کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کشمیری قیدیوں کی حالت زار پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے ممتاز کارکن نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری نظربندوں کی زندگیوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے علی حسین کے جعلی مقابلے میں قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔