فیصل آباد،طالبہ تشددکیس کے مرکزی ملزم پر عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلا کا تشدد

جمعرات 18 اگست 2022 22:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2022ء) طالبہ پر تشددکیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش کو عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلا نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔طالبہ پر تشدد کیس میں گرفتار مرکزی ملزم کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی پر لایا گیا۔اس موقع پر موجود وکلا نے ملزم پر حملہ کرتے ہوئے اسے زدوکوب کیا جس پر پولیس نے ملزم کو بچاتے ہوئے قریبی سیشن جج کی عدالت میں لے جا کر دروازہ بندکردیا، بعد میں اسی کمرے میں کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے مرکزی ملزم شیخ دانش کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے مقدمے میں اغوا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی دفعات بھی شامل کرلی ہیں۔دوسری جانب ایک روز قبل جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجی گئی مرکزی ملزم کی اہلیہ ملزمہ ماہم نے ضمانت کے لیے درخواست دائرکر دی جس پرعدالت نے مقدمے کی مدعیہ اور کیس کا ریکارڈ 20 اگست کوطلب کر لیا ہے۔ مقدمے میں نامزد دیگر 4 ملزمان دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں جب کہ ملزم شیخ دانش کی بیٹی انا شیخ کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔