متحدہ عرب امارات فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گا، سفیر یو اے ای

جمعہ 19 اگست 2022 14:33

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2022ء) متحدہ عرب امارات فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گا۔ یہ بات پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبیدابراہیم سلیم الزابی نے جمعرات کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سے پہلے بھی فیصل آباد چیمبر کا دورہ کر چکے ہیں مگر کورونا کی وجہ سے فالو اپ میٹنگز نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے فیصل آباد کے پوٹینشل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ دوبئی کے سرمایہ کاروں کو فیصل آباد میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتی یونٹ لگانے کی ترغیب دیں گے اور اِن کو فیصل آباد لے کر بھی آئیں گے تاکہ وہ بذات خود یہاں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیصل آباد کے سرمایہ کاروں کو بھی خصوصی طور پر دوبئی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کریں گے۔ صدر عاطف منیر شیخ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو بتایا کہ فیصل آباد میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے زیر اہتمام ہونے والی پاکستان اکنامک کانفرنس کا خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ اس میٹنگ میں ٹیکسٹائل کے علاوہ بہت سے دوسرے شعبوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کامیاب کانفرنس کے آئیڈیا اور نتائج کو بھی شیئر کریں گے تاکہ دوبئی کے سرمایہ کاروں کو یہاں صنعتیں قائم کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

صدر نے مزید کہا کہ اگر دوبئی میں پاکستانی سفارتخانہ نے تعاون کیاتو وہ اس سلسلہ کی آئندہ کانفرنس دوبئی میں بھی منعقد کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر یو اے ای کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن راشد عبدالرحمن العلی کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے راشد منیر، محمد اظہر چوہدری، عمر عبدالطیف اور سجاد انور بھی موجود تھے۔