گنداواہ میں بارش کا سلسلہ جاری دریائے مولہ میں اونچے درجے کا سیلاب زمینی رابطہ منقطع ،حکومت سے امداد کی اپیل

جمعہ 19 اگست 2022 21:57

جھل مگسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2022ء) جھل مگسی گنداواہ و گردونواح کے علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ایک دفعہ پھر دریائے مولہ میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے جس سے گنداواہ سگھڑی ندی اور ہتھیاری ندی سمیت درجنوں چھوٹی بڑی ندیوں میں طغیانی سے سینکڑوں مکانات منہدم زمینی راستے بند اکثر علاقوں میں عوام محصور ہوگئے ہیں قومی شاہراہ سے منسلک ضلع کی واحد گنداواہ نوتال سڑک اور اندرون ضلع لنک زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں کشوک اور سکلیجی میں بھی سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی گھروں میں پانی داخل ہوگیا یونین کونسل پتری یونین کونسل کھاری کے درجنوں دیہاتوں کے عوام گھروں میں محصور اشیاء خوردنوش اور پانی کی قلت کے باعث لوگ بھوکے پیاسے محصور ہیں جہاں علاج معالجہ کی سہولت میئسر نہیں جبکہ تحصیل جھل مگسی سینکڑوں دیہات سیلابی ریلے میں ڈوب گئے گوٹھ شمبانی گوٹھ بجیرانی گوٹھ وزدانی گوٹھ ساکھانی سمیت متعدد دیہاتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ہزاروں لوگ بیگھر ہوگئے ہیں اور سب تحصیل میر پور میں سیلابی پانی نے درجنوں گھروں کو منہدم کردیا مال مویشی ہلاک ہوگئے ضلع جھل مگسی کی ہزاروں متاثرین کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محدود سطح پر دئیے گئے ٹینٹوں میں پڑے ہوئے ہیں اشیاء خوردنوش میئسر نہ ہونے کی وجہ سے عوام بھوکے پیاسے مضر صحت اشیاء اور آلودہ پانی استعمال کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دوبارہ ہنگامی صورت حال کا اعلان اور عوام کو محفوظ مقامات کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت نے میڈیکل کیمپ منسوخ کردیئے ہیں ضلع میں ہزاروں مکانات منہدم ہو گئے ہیں بارشوں اور سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے عوام ضروری سامان سے محروم ہوگئے ہیں اچانک سیلاب میں مال مویشی اور سال بھر کیلئے محفوظ کی گئی گندم بھی بہہ گئی اب بھی ضلع کے کونے کونے میں ہزاروں متاثرین بے سروسامانی کے عالم میں پڑے ہیں انہوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔