سندھ حکومت بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان کا ازالہ کرے گی، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن

جمعہ 19 اگست 2022 23:09

سندھ حکومت بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان کا ازالہ کرے گی، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں مون سون کی غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں جس سے شہروں کے انفراسٹرکچر اور دیہی علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔ جمعہ کو اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مون سون کے حالیہ اسپیل سے حیدرآباد ، جامشورو ، دادو ، ملیر ، عمرکوٹ ، مٹیاری ، بدین ، ٹھٹہ اور سجاول زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔تمام متاثرہ اضلاع میں سندھ کابینہ کے اراکین امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ، جبکہ پی ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ اور راشن سمیت نکاسی آب کے لیے مشینری پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تمام متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امدادی کارروائیوں کے لیے 30 ، 30 لاکھ روپے فوری جاری کر دیئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو اسکولوں میں متبادل رہائش فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان کا ازالہ کرے گی، وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز سے نقصان کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت اور محکمہ بلدیات کو گیسٹرو ، ملیریا اور ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بھی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔