Live Updates

ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

75 سالوں میں پہلی مرتبہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ہوشربا 42 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اگست 2022 22:46

ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2022ء) ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، 75 سالوں میں پہلی مرتبہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ہوشربا 42 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، 75 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 40 فیصد کی سطح بھی عبور کر گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 3.35 فیصد مزید اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی، ٹماٹر، پیاز، آلو، دالیں، چکن، فی درجن انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمتوں میں 18 روپے سے زائد، پیاز کی فی کلو قیمت میں 2 روپے، آلو کی فی کلو قیمت 65 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمتوں میں 19 سے زائد اضافہ ہوا، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے، دال ماش کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 3 روپے، بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 36 پیسے کا اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے کے دوران دہی، مٹن، خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، اڑھائی کلو گھی کا ٹن 4 روپے 7 پیسے کم ہوا، دال کی فی کلو قیمت میں تقریباً 1 روپے، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

یہاں واضح رہے کہ ہاں واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت کے 4 ماہ کے دوران مہنگائی میں ڈیڑھ سو فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی، موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے ملک میں مہنگائی میں 170 فیصد سے زائد کا اضافہ ہو چکا۔ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کے آخری ماہ یعنی مارچ 2022 میں ریکارڈ کی جانے والی مہنگائی کی شرح 9 عشاریہ 1 فیصد تھی، جو جولائی 2022 میں بڑھ کر 24 عشاریہ 9 فیصد ہو گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں مہنگائی 14 سال کی بلند ترین سطح پر رہی، جون کے مقابلے میں جولائی میں مہنگائی میں 4.35 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی میں مہنگائی کی شرح 24.9 فیصد رہی، جون میں مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تھی، جبکہ گزشتہ سال جولائی 2021 میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات