شہریوں کا ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

جمعہ 26 اگست 2022 16:59

احمد پور سیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2022ء) احمد پور سیال کے شہریوں نے وسیع پیمانے پر سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔چیئرمین انجمن تاجران احمد پور سیال محمد اسماعیل خان بلوچ ،صدر انجمن تاجران احمد پور سیال چوہدری محمد صدیق میو اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد علی آسی میو نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تحصیل تونسہ میں قیامت صغریٰ کے مناظر نے پاکستانی قوم کے دل دہلا دئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیلاب کی تباہ کاریوں نے پوری قوم کو رنجیدہ کردیا ہے ۔متعدد علاقوں میں تدفین کے لیے خشک زمین تک میسر نہیں ہے ۔ قدرتی آفت نے تباہی وبربادی کی نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں چلی گئیں ،پانی کا خطرہ پھر سر پر منڈلا رہا ہے ۔عوام کھلے آسمان کے نیچے بے یارومدد گار ، بے سہارا پڑے ہیں ۔کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔جلو والی ، جت والا ،بستی سوکڑ ، بستی منگڑ وٹھہ ، چتر وٹہ مکمل تباہ ، ٹبی ،وہوا، ٹھٹھہ ، لغاری ، مور جھنگی ، بٹکل ،غازی ، بارتھی اور شادن لنڈ سمیت متعدد دیگر بستیاں 80فیصد تباہ ہوچکی ہیں ۔ تونسہ کو فی الفور آفت زدہ قرار دیا جائے ۔