نوازشریف نے کہا سیلاب متاثرین کے پاس جائیں

یہ وقت سیاست کا نہیں خدمت کرنے کا ہے،متاثرین کے لیے جو سامان لائی ہوں وہ کم ہے،وہ سیاست کچھ نہیں جو عوام کے مفاد کے لیے نہ ہو،مخالفین اور اپنے لوگوں سے کہتی ہوں آگے آکر خدمت کریں۔مریم نواز کی تونسہ آمد پر میڈیا سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 اگست 2022 15:49

نوازشریف نے کہا سیلاب متاثرین کے پاس جائیں
تونسہ شریف (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 29اگست 2022) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ شروع کردیا۔ مریم نواز پیر کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچیں۔ ان کے شوہر کیپٹن صفدر، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اوروفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مریم نواز اپنی آمد کے فوراً بعد ملتان سے براستہ سڑک تونسہ کے لیے روانہ ہوگئیں۔

جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر وہ تونسہ، راجن پور اورڈیرہ غازی خان جائیں گی۔ ان کا یہ دورہ چار سے پانچ روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔مریم نواز نے آج تونسہ شریف کا دورہ کیا جہاں پر متاثرین سیلاب سے ملاقات بھی کی۔مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار تونسہ آئی ہوں مگر افسوس سیلاب میں گھرا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے کہا متاثرین سیلاب کے پاس جائیں۔

تونسہ میں سیلاب سے زیادہ تباہی مچی ہے۔مخیر حضرات آگے آئیں اور اپنے تباہ حال بھائیوں کی مدد کریں،یہ وقت سیاست کا نہیں خدمت کرنے کا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ متاثرین کے لیے جو سامان لائی ہوں وہ کم ہیں ،وہ سیاست کچھ نہیں جو عوا م کے مفاد کے لیے نہ ہو،مخالفین اور اپنے لوگوں سے کہتی ہوں آگے آکر خدمت کریں۔خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے بعد اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں وسیع تر ریلیف آپریشن جاری ہے۔

حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔ اتوار کو ترکی اور متحدہ عرب امارات سے امدادی پروازیں پہنچنا شروع ہوئیں۔ وزیر اعظم کے دفتر سے بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی امداد کی پہلی ترسیل راولپنڈی کے قریب نور خان ایئر بیس پر پہنچی اور آنے والے دنوں میں مزید 15 طیارے امداد لے کر آئیں گے۔