Live Updates

پشاور ہائیکورٹ نے ترقیاتی فنڈز سے متعلق درخواست پر پارلیمانی امور پلاننگ ڈویژن اور کیبنٹ ڈویژن سے جواب طلب کرلیا

منگل 30 اگست 2022 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2022ء) پشاور ہائیکورٹ نے ترقیاتی فنڈز سے متعلق درخواست پر پارلیمانی امور پلاننگ ڈویژن اور کیبنٹ ڈویژن سے جواب طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب کی رٹ کیس کی سماعت جسٹس روح الامین اور جسٹس شاہد خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس روح الامین نے کہا کہ ارکان اسمبلی کا کام قانون سازی ہے مگر بدقسمتی سے انہیں ترقیاتی فنڈز کے معاملات میں الجھا کر اس کی توجہ دوسری طرف کی جاتی ہے جس سے مسائل جنم لیتے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل خالد رحمان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس کا موکل رکن قومی اسمبلی ہے جو پشاور سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا حلقہ این اے 28 ہے ، تحریک انصاف کے سابقہ دور میں مذکورہ حلقہ کے لئے پائیدار کامیاب پروگرام (سسٹین ایبل اچیومنٹ پروگرام) کے تحت 350 ملین روپے کی منظور دی گئی جس میں سے 300 ملین روپے کے منصوبے پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں ، بعد ازاں باقی ماندہ 50 ملین روپے واپس وفاقی کو ارسال کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اور قرار دیا گیا کہ اس حوالے سے اس کی دوبارہ تقسیم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

خالد رحمان نے عدالت کو بتایا کہ اس کے موکل نے باقاعدہ طور پر فنڈز خرچ کئے ہیں اور اس کے لئے ٹی ایم اے نے ٹینڈر بھی کئے ہیں اب کسی صورت یہ 50 ملین روپے واپس نہیں ہو سکتے کیونکہ 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے ۔ پشاور ہائیکورٹ نے اپنے متعدد فیصلوں میں اس حوالے سے قرار دیا ہے کہ کوئی بھی فنڈز بلا تفریق اور سیاسی وابستگی سے بالاتر خرچ کیا جائے گا عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فنڈز کی وفاق منتقلی اور تقسیم کو روک دیا اور اس حوالے سے پارلیمانی امور پلاننگ ڈویژن اور کیبنٹ ڈویژن سے جواب طلب کرلیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات