ایک ہی دن میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ

اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 230 روپے سے بھی اوپر چلی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 5 ستمبر 2022 19:34

ایک ہی دن میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر 2022) ایک ہی دن میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 230 روپے سے بھی اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی پاکستانی روپے کیلئے برا ہی ثابت ہوا۔ پیر کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی، امریکی ڈالر کی قدر 7روپے کے اضافے سے 232روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار رہا، کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر 88 پیسے اضافے سے 219.86 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کا پاکستانی روپیہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، عالمی مالیاتی فنڈ سے قرضہ قسط موصول ہونے کے باوجود گزشتہ کاروباری ہفتے اختتامی 2 روز میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے تک مہنگا ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

کرنسی مارکیٹ کی صورتحال کے حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ڈپازٹ کے بعد مارکیٹ کے رجحانات مزید سازگار ہوں گے اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تیزی سے بڑھے گا۔ ملک بوستان نے مزید کہا کہ مارکیٹ کو توقع ہے کہ سیلاب سے بحالی کے لیے دی جانے والی امداد کے نتیجے میں ڈالر کی آمد میں اضافہ ہوگا، دوست ممالک سے رقم جلد موصول ہونے والی ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں مزید بہتری آئے گی ،اورڈالر 200 روپے سے کم ہو سکتا ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ کا بیان ایک جانب تاہم دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں کمی کی بجائے مزید اضافے کی پیشن گوئی کی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں ڈالر کی اوسط قیمت 226 روپے کے قریب رہے گی۔