سندھ میں پنجاب کے مقابلے میں آٹا 88 فیصد مہنگا ہونے کا انکشاف

پنجاب میں فی کلو آٹے کی اوسط قیمت 49 روپے، جبکہ سندھ میں قیمت 92 روپے ہے، ادارہ شماریات کی رپورٹ

muhammad ali محمد علی پیر 5 ستمبر 2022 22:02

سندھ میں پنجاب کے مقابلے میں آٹا 88 فیصد مہنگا ہونے کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر 2022) سندھ میں پنجاب کے مقابلے میں آٹا 88 فیصد مہنگا ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ملک کے 2 بڑے صوبوں پنجاب اور سندھ میں آٹے کی اوسط قیمت کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں آٹا پنجاب کے مقابلے میں 88 فیصد زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں فی کلو آٹے کی اوسط قیمت 49 روپے، جبکہ سندھ میں قیمت 92 روپے ہے، یوں سندھ میں فی کلو آٹے کی قیمت 43 روپے زائد وصول کی جا رہی ہے۔

جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ خاص کر کراچی میں آٹے کی قیمت کہیں زیادہ ہے۔ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2140 روپے تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

ملکی تاریخ میں پہلی بار آٹا 107 روپے فی کلو تک ہوگیا، ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 180 روپے تک مہنگا ہوا۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مقابلے میں کراچی میں آٹے کا تھیلا 1160 روپے تک مہنگا ہے۔

حیدر آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 140 روپے، کوئٹہ میں 120 روپے، خضدار میں 100 روپے، سکھر میں 40 روپے اور لاڑکانہ میں 20 روپے اضافہ ہوا۔ حیدر آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 80 روپے، خضدار میں 1950 روپے، کوئٹہ اور لاڑکانہ میں 1920، سکھر میں 1800 روپے، پشاور، بنوں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 980 روپے ہے۔پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی آٹے کا تھیلا 980 روپے تک ہے۔

دوسری جانب سیلاب کے باعث پنجاب میں لاکھوں ٹن گندم ضائع ہو جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق راجن پور اور فاضل پور کے گوداموں میں ساڑھے 3 لاکھ ٹن گندم ضائع ہو گئی جس کے بعد پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت مانگ لی، اگر گندم نہ منگوائی تو دسمبر میں قلت کاخدشہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کا گندم کا سرکاری کوٹہ 16700 ٹن یومیہ ہے، ضرورت 25 ہزارٹن گندم کی ہے۔