تجارت کے فروغ کیلئے آذربائیجان کی ایکسپورٹ پروموشن ایجنسی کا وفدپاکستان کا دورہ کرے گا، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت

منگل 6 ستمبر 2022 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2022ء) آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اسلام آباد اور باکو کے درمیان شروع ہونے والی پہلی پرواز کے ذریعے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں ایک تجارتی وفد کے آذربائیجان کا دورہ کرنے کے اقدام کو سراہاکیونکہ اس دورے سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست ملاقات کرنے اور کاروباری روابط قائم کرنے کا بہتر موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر کے دورے کے نتیجے میں آذربائیجان کی ایکسپورٹ اینڈ انوسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتاہے تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے کیا۔

سفیر نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں جس سے دونوں کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کا قریبی تعاون پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر بنانے کی راہیں کھولے گا۔

انہوں نے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز سے چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا جو دوطرفہ تجارت کے فروغ میں تاجر برادری کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو سنے گا اوران کو حل کرنے کی تجاویز دے گا تا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان بینکنگ،انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، سیاحت، زراعت اور ایس ایم ایز سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آذربائیجان کا سفارت خانہ پاکستان کی تاجر برادری کو ان کے ملک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی موجودہ باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے۔

انہوں نے آذربائیجان کی ایکسپورٹ اینڈ انوسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے وفد کے متوقع دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے تجارتی وفود کا کثرت سے تبادلہ کرنے کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کی ماربل مصنوعات تیار کر رہا ہے اور باکو میں ماربل کے گودام کا قیام آذربائیجان کو ماربل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فارماسوٹیکل، کاسمیٹکس، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، کٹلری، الیکٹریکل اپلائنسز، ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، فرنیچر کا سامان، گھریلو دستکاری کی مصنوعات، خوراک، پھل و سبزیاں، انجینئرنگ مصنوعات، کنزیومر گڈز اور چاول سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات آذربائیجان کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آذربائیجان پاکستان سے ان مصنوعات کو امپورٹ کرنے کی کوشش کرے۔

آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران انجینئر اظہر الاسلام ظفر، چوہدری محمد علی، ہمایوں کبیر، فصیح اللہ خان، چوہدری جاوید اقبال، اختر حسین اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔