Live Updates

گزشتہ سال اگست میں مہنگائی کی شرح12 ،اب ہفتہ وار 42 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

کرپٹ ایسوسی ایشن نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے این آر او ٹو لے چکی ہے‘ فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی وخصوصی اقدامات

اتوار 11 ستمبر 2022 10:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مہنگائی کی جو شرح گزشتہ سال اگست میں 12 فیصد تھی اب وہ ہفتہ وار 42 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے،حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر شادیانے بجائے لیکن اس کے باوجود ڈالر کی قیمت ایک بار پھر بڑھتی جارہی ہے،امپورٹڈ ٹولے کی کرتوتوں سے ایسا لگتا ہے شاید ان کی منزل اور مقصد سری لنکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے این اے 121 کے مختلف مقامات پر عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ قوم سیلاب میں ڈوبی ہوئی ہے اور امپورٹڈ ٹولہ اپنے مقدمات میں ریلیف لینے کے لئے کوشاں ہے ،کرپٹ ایسوسی ایشن نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے این آر او ٹو لے چکی ہے جس کے ذریعے 2400ارب روپے کی کرپشن کے کیسز معاف کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کے بعد آج حالات یہ ہو چکے ہیں کہ احتساب عدالتیں کیسز پر سماعت کرنے کی بجائے انہیں واپس نیب کو بھجوا رہی ہیں۔حکمرانوں نے نیب قانون میں جو ترامیم کی ہیں اس میں ملک و قوم کی بجائے صرف کرپٹ ٹولے کیلئے ہی فوائد ڈھونڈے گئے ہیں جس کے تحت شریف خاندان اور زرداری خاندان کے تمام کرپشن کے کیسز ختم ہو گئے ہیں، اہل خانہ کے اثاثے ملزم کے اثاثے تصور نہیں ہوں گے اور اس کا فائدہ کس کو ہوگا اسے سمجھنا مشکل نہیں ، اب اثاثوں کو ناجائز ثابت کرنے کی ذمہ داری نیب پر ہو اور ملزم جوابدہ نہیں ہو گا،ملزم کی جائیداد کی قیمت مارکیٹ ویلیو کی بجائے ڈی سی ریٹ پر ہو گی، دوران سماعت ملزم متنازعہ جائیداد فروخت بھی کر سکے گا اور اگر کیس ثابت نہ ہو تو نیب افسر کو 5 سال سزا ہو گی ،بتائیں اس شق کے بعد کون سا افسر کرپشن کا کیس بنانے کا رسک لے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات