Live Updates

سارے حربے ناکام ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف مذہب کارڈ کا استعمال شروع کر دیا گیا‘ ہمایوں اختر

عوام کا رجحان بتا رہا ہے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کریگی‘ سینئرمرکزی رہنما ء

جمعرات 15 ستمبر 2022 16:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان سچے عاشق رسول ہیں اوران کے خلاف سرکاری ٹی وی کا استعمال کرتے ہوئے جو پریس کانفرنس کی گئی ہے وہ انتہائی غیر ذمہ دارا نہ اور قابل مذمت ہے، عمران خان نے انتہائی اخلاص اور جرات سے حرمت رسول ؐکیلئے آواز بلند کی جس کے نتیجے میں اسلاموفوبیا کا مسئلہ اقوام متحدہ جیسے پلیٹ فارم پر زیر بحث آیا او راسلامو فوییا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد منظور ہوئی ، جب آج پوری قوم کو اتحا دو یگانگت کی ضرورت ہے ایسے وقت میں بھی اسلام آباد میں بیٹھی جماعتیں عوام دشمنی میں ہر حد پار کر رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 121 میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے حلقے سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے عزیز واقارب کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تیرہ جماعتوں کے اتحاد نے عمران خان کے خلاف سارے حربے استعمال کر لئے ہیں اور جب ان میں نا کامی کا سامنا کرنا پڑا تو اب مذہب کارڈ کا استعمال شروع کر دیا ہے لیکن ان شا اللہ انہیں اس میں بھی نا کامی ہوگی کیونکہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جنہوں نے حرمت رسول ؐکے حوالے سے امت مسلمہ کاموقف پوری دنیا تک پہنچایا ۔

ہمایوں اختر خان نے مزید کہا کہ تحر یک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے پارٹی تنظیموں کو عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے اور اس تناظر میں عملی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ ملک میں شفاف انتخابات کے نتیجے میں اورعوام کی بھر پور تائید سے تحر یک انصاف بھاری اکثریت سے دوبارہ وفاق میں حکومت بنائے گی عوام کا رجحان بتا رہا ہے آئندہ عام انتخابات میں تحر یک انصاف کامیابیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کرے گی ۔ہمایوں اختر خان نے رہنماں سے حلقے کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے بھی تبا وہ خیال کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات