کاشتکارکماد کی زیادہ پیداواری صلاحیت والی اقسام کاشت کریں، ترجمان محکمہ زراعت

اتوار 18 ستمبر 2022 14:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2022ء) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ پنجاب میں کماد کی اوسط پیداوار تقریباً 748 من فی ایکڑ ہے جوکہ عالمی اوسط پیداوار 706 من فی ایکڑ سے زیادہ ہے۔ ہمارے ملک کے بہت سے ترقی پسند کاشتکار گنے کی فی ایکڑ پیداوار 1500 تا 2000 من فی ایکڑ تک حاصل کر رہے ہیں۔ موسمی تبدیلیوں نے تمام فصلات بشمول کماد کی پیداوار کو بہت حد تک متاثر کیا ہے جس سے فصلوں کی اوسط پیداوار اور معیارمیں کمی اور پیداواری اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ کماد کی فصل کوسفارش کردہ جدید پیداواری طریقوں کے تحت کاشت کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ کم اخراجات سے زیادہ پیداوار حاصل کرکے فصل سے حاصل کردہ منافع کو بڑھایا جاسکے۔

(جاری ہے)

کماد کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے زیادہ پیداواری صلاحیت اور چینی کی یافت (ریکوری) والی سفارش کردہ اقسام کاشت کریں۔بیج کا چناؤ لیرا اور صحت مند فصل سے کریں اور اس مقصد کے لیے کماد کی مونڈھی ہرگزاستعمال نہ کریں۔

گری ہوئی فصل سے بیج کا انتخاب نہ کریں بیج والی فصل کیڑوں، بیماریوں اور کورے کے مضر اثرات سے بھی محفوظ ہو۔ گنے کی بیماریوں مثلاً رتا روگ، کانگیاری، چوٹی کی سڑاند وغیرہ سے بچاؤ کے لیے بیج کو پھپھوندی کش زہر تھائیو فینیٹ میتھائل کے محلول (0.25 فیصد) میں 5 تا 10 منٹ تک بھگو کر کاشت کریں۔دریائی اور ملحقہ علاقوں کیلئے سی پی 77-400، سی پی ایف 237، ایس پی ایف 213، ایچ ایس ایف 240، سی پی ایف 252 (پچھیتی قسم) اور سی پی ایف 253 کاشت کریں دیگر علاقوں کے لیے درج بالا اقسام کے علاوہ مندرجہ ذیل اقسام کو رتہ روگ بیماری کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارش کردہ دیکھ بھال کے ساتھ کاشت کیا جاسکتا ہے۔

سی پی ایف 246، سی پی ایف 247 سی پی ایف 248، سی پی ایف 249، سی پی ایف 250 اور سی پی ایف 251۔ ایس پی ایف 234 صرف جنوبی پنجاب (دریائی علاقوں کے علاوہ) بشمول راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ضلعوں کے لیے موزوں ترین قسم ہے۔ ٹرائیٹان، سی او جے۔84، جھنگ۔59، S2003-US-718، سی او۔1148 (انڈیا)، سی او ایل۔29، سی او ایل۔44، بی ایل۔4، بی ایف۔162، ایل۔116، فخر ہند اور ایس پی ایف۔238 (چائنہ) وغیرہ ہر گز کاشت نہ کریں جلد پکنے والی اقسام بھی ستمبر کاشت کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :