ضمنی انتخابات، مختلف حلقوں میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کی تقرری و تبادلوں کی منسوخی کیلئے مراسلے جاری

پیر 19 ستمبر 2022 19:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2022ء) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پی پی209 خانیوال نے تقرری کا اعلامیہ منسوخ کرنے کیلئے چیئرمین وزیر اعلی شکایت سیل کو مراسلہ جاری کیا۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق مراسلے میں عبدالحمید کی بطور چیئرمین وزیراعلی شکایت سیل ضلع خانیوال تعیناتی کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 108 فیصل آباد نے تقرری و تبادلہ فوری منسوخ کرنے کیلئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو مراسلہ جاری کر دیا ۔مراسلے میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن ایوب خان کے لاہور ریجن میں تبادلے کا اعلامیہ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر این اے 118 ننکانہ صاحب نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو تقرری و تبادلے منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے۔صوبہ پنجاب کے مختلف حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائے گا۔