طلباء روزمرہ زندگی میں امن کے سفیر کا کردار ادا کریں ، ڈاکٹر مختار احمد

بدھ 21 ستمبر 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2022ء) چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے طلباء کو نصیحت کی ہے کہ وہ روزمرہ زندگی میں امن کے سفیر کا کردار ادا کریں اور قیام امن کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں عالمی یوم امن کے موقع پر منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عالمی یوم امن کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور قیام امن کے لئے تعلیم کی اہمیت سے متعلق نیلسن منڈیلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم دنیا کے تبدیل کرنے کے لئے سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔

انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ روزمرہ زندگی میں امن کے سفیر کا کردار ادا کریں اور قیام امن کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے اسلام امن کا دین ہے اور اس دین کا نام ہی امن و آشتی کے فروغ کی اہمیت پر دلالت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاشرے میں اسلام کی اصل روح کو اپنانے اور باہمی محبت، عزت اور اخوت سے رہنے پر زور دیا۔

اسسٹنٹ پروفیسر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر صائمہ اشرف کیانی نے امن کی تعریف بیان کرتے ہوئے مارٹن لوتھر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگوں کا نہ ہونا ہی امن نہیں بلکہ انصاف اور قانون کی بالادستی کی موجودگی امن ہے۔ تقریب میں ایچ ای سی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے علاوہ کئی نمایاں شخصیات اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔