Live Updates

پی ٹی آئی نے8 حلقوں میں ضمنی الیکشن روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی

الیکشن کمیشن کا مرضی کے حلقوں میں الیکشن کرانا آئین و جمہوریت کے منافی ہے،اگرالیکشن شیڈول معطل نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی کی اپیل اثر انداز ہو گی،123 استعفوں کی منظوری سے متعلق اپیل پر فیصلے تک شیڈول معطل کیا جائے۔درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 22 ستمبر 2022 10:54

پی ٹی آئی نے8 حلقوں میں ضمنی الیکشن روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین22ستمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف نے 16اکتوبر کو قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔انتخابات روکنے کے لیے درخواست تحریک انصاف کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے دائر کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا مرضی کے حلقوں میں الیکشن کرانا آئین و جمہوریت کے منافی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اگر الیکشن شیڈول معطل نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی کی اپیل اثر انداز ہو گی۔123 استعفوں کی منظوری سے متعلق اپیل پر فیصلے تک شیڈول معطل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں پولنگ 16 اکتوبر کو کروانے کا اعلان کیا تھا۔بدھ کو جار ی اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندرسلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کوبتایا گیاکہ حلقہ این اے 157ملتان IV، پی پی 139 شیخوپورہ Vپی پی 209 خانیوال VII اور پی پی 241 بہاولنگر V کی پولنگ کیلئے الیکشن کمیشن نے بذریعہ نوٹیفکیشن 9اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ اس دن عید میلا النبی متوقع ہے ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ معزز عدالت لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ نے بھی این اے 157 ملتان IV کے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن متوقع عید میلا النبی ؐکی وجہ سے تاریخ میں تبدیلی کرے۔

الیکشن کمیشن نے عید میلا النبیؐ کی متوقع تاریخ اور ووٹروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مذکورہ بالا حلقہ جات میں پولنگ مورخہ 16 اکتوبر بروز اتوار ہوگی تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی باآسانی استعمال کر سکیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کے حکام سے میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ نیشنل اسمبلی کی 8 درج ذیل حلقہ جات کے لئے بھی پولنگ 16اکتوبر کو ہوگی۔

حلقہ میں این اے 22 مردان III،این اے 24چارسدہ II، این اے 31 پشاور V،این اے 45 کرم I،این اے 108فیصل آبادVIII،این اے 118ننکانہ صاحب II،این اے 237 ملیرII،این اے 239کورنگی کراچی I شامل ہیں ۔الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے انعقاد پر بھی غور کیااور فیصلہ کیاکہ کراچی ڈویڑن کے تمام اضلاع میں پولنگ 23اکتوبر 2022 کو ہوگی۔ جبکہ حیدرآباد ڈویڑن کے اضلاع سے متعلق رپورٹ صوبائی حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ سے منگوائی جار ہی ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال اور الیکشن کے انعقاد سے متعلق غور کیا جائے ۔ اور جتنا جلد ممکن ہوسکے حیدر آباد میں بھی پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات