Live Updates

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کر لیا گیا

کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے جدید ترین طریقے سے نمٹا جائے گا،کمانڈنٹ ایف سی اور آئی جی کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 24 ستمبر 2022 17:06

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے پلان تیار ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 ستمبر 2022ء) اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا گیا۔ پولیس افسران کو امن و امان صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس کمانڈنٹ ایف سی اور آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام ڈی آئی جیز،اے آئی جیز،ایس ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں افسران کو دھرنے سے نمٹنے کیلئے مکمل بریفنگ دی گئی۔افسران کو بریفنگ دی گئی کہ کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے جدید ترین طریقے سے نمٹا جائے گا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی کی جتنی تعداد کی ضرورت پڑی مہیا کی جائے گی،افسران کو صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔

اگر مسلح ہو کر ریڈ زون کی جانب بڑھیں گے تو ایسے گروہ کو روکا جائے گا۔2023 الیکشن کا سال ہے،مشکل فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی ہوئی جس سے ہمارا نقصان ہوا،ہم مہنگائی کو کنٹرول نہیں کرسکے۔ رانا ثناء اللہ نےکہا کہ پنجاب میں تبدیلی لانا کوئی مشکل نہیں، تبدیلی حکومتی رویے کے باعث بنتی ہے جس نمبر سے پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ بنے ہیں وہ سب کے علم میں ہے۔

کہہ رہے ہیں اسلام آبادپر چڑھائی کریں گے ،کیا ہم لیٹ جائیں؟ انکا کہنا تھا کہ اگر غیر مسلح ہوں گے تو احتجاج ریکارڈ کرائیں،ہم سیکیورٹی اور سہولتیں دیں گے اگر لوگ مسلح ہوں گے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو استعمال کریں گے۔ اگر پنجاب اور خیبرپختونخوا ہمیں مانگی گئی نفری نہیں دیتے تو ہمارے پاس آپشن موجود ہے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت سے نفری کی ضرورت نہیں تھی ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت کو ریکارڈ کے لیے خط لکھا اور نفری مانگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات