بی جے پی لیڈر نے نوکری کا جھانسہ دے کر خاتون کی عصمت دری کرڈالی

ہفتہ 24 ستمبر 2022 22:50

بھوپال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2022ء) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ششی کانت سونی نے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر اس کی عصمت دری کرڈالی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریا ست کے دارالحکومت بھوپال کے علاقے جبل پور کی رہنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈر اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر بھوپال لایا اور یہاں کار میں اس کی عصمت دری کی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال بی جے پی لیڈر فرار ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔علاقے کے ایڈیشنل ڈی سی سوم ونشی نے بتایا کہ جبلپور کے مقامی بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی کے خلاف ایک خاتون نے عصمت دری کا معاملہ درج کرایا ہے۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ جب وہ جبلپور میں ملازمت کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا رہی تھی تو اس کی ملاقات بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی سے ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ششی کانت سونی نے اسے بھروسہ دلایا کہ وہ اس کی سرکاری ملازمت لگوا دے گا۔ ششی کانت سونی خاتون کو بھوپال لے گیا اورشام کے وقت ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم کے پاس تاریکی کا فائدہ اٹھا کر اس نے کار میں ہی خاتون کی عصمت دری کی۔ خاتون نے کہا کہ ملزم نے اس سے تقریباً دو لاکھ روپے بھی ملازمت لگوانے کے نام پر لیے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے، گرفتاری کے بعد آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :