سردار تنو یر الیاس خان کی سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بارے اپنی ذات سے منسوب بیان کی سختی سے تردید

سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا کر کے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے نامناسب بیان کی تشہیر بیمارذہنیت کی عکاس ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 24 ستمبر 2022 22:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنو یر الیاس خان نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے بارے میں اپنی ذات سے منسوب بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ فریال تالپور اور چوہدری ریاض سمیت پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہمارے لیئے قابل احترام ہے،سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا کر کے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے نامناسب بیان کی تشہیر بیمارذہنیت کی عکاس ہے،پا کستان کی تمام سیاسی قیادت با وقار ہے، ہمارے لیے محترم ہے اورہم دل سے ان کی عزت کرتے ہیں،یاد رہے گزشتہ روزٹویٹر پر زیر گردش ایک بیان میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کی تصویر کے ساتھ محترمہ فریال تالپور اور چوہدری ریاض کے حوالے سے نا مناسب کمنٹ لکھے گئے تھے جس کا وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی ذات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے ساتھ دہائیوں پر مشتمل عزت اور وقار کے رشتے قائم ہیں،ان کی ذات کے ساتھ ایسے جعلی اور من گھڑت بیانات منسوب کرنے والوں کوندامت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔