تھانہ سرگودھا روڈ فیصل آباد کے علاقے سے 8 سالہ حمزہ کے اغواء برائے تاوان اور قتل کیس کے ملزمان گرفتار

ملزمان کو فورٹ عباس اورکھچیاں برنالہ سے گرفتار کیا گیا ،حمزہ کو نیند کی گولیاں دیں جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی‘ ملزمان کا اعتراف

ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:07

تھانہ سرگودھا روڈ فیصل آباد کے علاقے سے 8 سالہ حمزہ کے اغواء برائے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) فیصل آباد پولیس نے تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے سے تاوان کیلئے اغواء ہونے والے آٹھ سالہ بچے حمزہ کے قاتلوں کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا ہے۔۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد عمر سعید ملک کی ہدایت پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن(ر) محمد اجمل نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی تھی جس پر سی پی او فیصل آباد نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جسے 8 سالہ حمزہ کے اغواء برائے تاوان کے کیس کو ٹریس کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔

کیس کی تفصیلات بارے انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مدعی مقدمہ ندیم مشتاق کی درخواست پر مقدمہ نمبر 1506 مورخہ 22/09/08 بجرم 363 ت پ تھانہ سرگودھا روڈ بر خلاف نامعلوم ملزمان درج رجسٹر ہوا جس پر ایس پی مدینہ ڈویژن محمد نبیل کی ٹیم نے جدید ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے اغواء برائے تاوان معہ قتل میں ملوث ملزمان اعجاز ریاض کو فورٹ عباس سے اور ملزم عثمان کو کھچیاں برنالہ سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے مقتول حمزہ کو پیسوں کے لالچ میں اغواء کیا تھا اور بعد میں اسے نیند کی گولیاں دیں جس کی وجہ سے حمزہ کی موقعہ پر ہی موت ہو گئی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن فیصل آباد کیپٹن(ر) محمد اجمل نے مزید کہا کہ فیصل آباد کو کرائم فری بنانے کیلئے آئندہ بھی پولیس اسی جذبے اور محنت سے کام کرے گی اور کیس کے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔