چوہدری شجاعت حسین نے شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کو متوازن اور حقیقت پسندانہ قرار دیدیا

جنرل اسمبلی میں خطاب کے ذریعے شہباز شریف نے سیلاب سے متعلق عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ دلیری سے پیش کیا، میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:12

چوہدری شجاعت حسین نے شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کو متوازن اور حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں خطاب کے ذریعے میاں شہباز شریف نے سیلاب ، بھارت میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں ، کشمیر اور فلسطین میں مظالم بند کرنے سے متعلق عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ دلیری سے پیش کیا۔

(جاری ہے)

ہفتے کوا سلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے اور تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کے ازالے اور کروڑوں متاثرین کی بحالی وآبادکاری کیلئے عالمی براداری کووزیراعظم کی آواز پر توجہ دینی چاہیے ،انہوں نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن ، غربت کے خاتمے اور سلامتی و استحکام کا ماحول قائم کرنے کیلئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی پیش کش قبول کر کے مسئلہ کشمیر اور دیگر تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قرضوں میں ریلیف پاکستان کا حق ہے ،چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میاں شہباز شریف کا خطاب قومی امنگوں کا ترجمان تھا ،وزیر اعظم نے عالمی برادری کے سامنے فوری توجہ طلب مسائل کے ساتھ ان کا حل بھی پیش کیا۔