گندم کی سپلائی بہتر ہونے سے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی

لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں60 روپے کمی، پشاور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 200 روپے کم ہو گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:49

گندم کی سپلائی بہتر ہونے سے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2022ء) گندم کی سپلائی بہتر ہونے سے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فلور ملز کو گندم کی سپلائی بڑھائے جانے کے بعد آٹے کی قیمت میں کمی آنا شروع ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں60 روپے جبکہ پشاور میں پنجاب سے آنے والے آٹے کے تھیلے کی قیمت 200 روپے کم ہو گئی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی پنجاب میں 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلوں کی قیمتیں کم کر دی گئی تھیں۔ پنجاب میں فلور ملز کی جانب سے سرکاری آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کے بعد صوبائی حکومت نے قیمتیں کم کروانے کیلئے مداخلت کی۔ ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی نے فلور مل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بات چیت کرکے انہیں آٹے کی قیمت میں کمی پر قائل کر لیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے فلور ملوں کا یومیہ کوٹہ تقریباً 2 ہزار میٹرک ٹن بڑھانے کا اعلان کیا جس کے تحت فلور ملوں کوروزانہ 18 ہزار600 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔ جبکہ صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 648 روپے مقرر کر دی گئی۔ اس سے قبل فلور ملز کی جانب سے 10 کلو اور 20 کلو کے سرکاری آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔

فلور ملز کی جانب سے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 165 روپے اضافے کے بعد 655 روپے جبکہ 20 کلو والے تھیلے کی قیمت 330 روپے اضافے سے 1310 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ جبکہ گزشتہ ہفتے ہی اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والے آٹے کے 15 کلو کے تھیلے کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔ فلور ملوں نے 15کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں50روپے اضافہ کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :