Live Updates

ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار عمرانی ٹولہ کو پاکستانی عوام مسترد کرچکے ہیں،انجینئر خرم دستگیر خان

ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:50

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2022ء) وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار عمرانی ٹولہ کو پاکستانی عوام مسترد کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات اور مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی جماعت ہے،تحریک انصاف کا ساڑھے تین سالہ دور اقتدار ناکامیوں، نااہلیوں اور نالائقیوں سے بھرپور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام عمران خان کے جھوٹ اورفریب سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے موجودہ حکومت اقدامات کررہی ہے،عوام کو سستی بجلی کی فراہمی اور بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی سپلائیاں بحال کیں اور پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں کی بحالی کیلئے حکومت کو وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بہترین انداز میں عالمی دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں سے دنیا کو آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ حقیقی معنوں میں پیش کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صدر چیمبر آف کامرس محمد شعیب بٹ، آل پاکستان پیپر اینڈ بورڈ ملز کے نمائندے محمد ریحان منڈاہر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آل پاکستان پیپر اینڈ بورڈ ملز کے نمائندے محمد ریحان نے وفاقی وزیر برائے توانائی کوانڈسٹری اور بجلی بلوں کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ صنعت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے اور اقتدار میں آکر تاجر دوست اقدامات کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہے اور انشا اللہ جلد ہی معیشت اور ملک پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات