Live Updates

معیشت پر پریشر ہے ، بگڑی ہوئی معیشت 2دن میں ٹھیک نہیں کر سکتے ،مولانا فضل الرحمان

ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:50

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2022ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ عمران خان ایک نااہل شخص ہے جونہ ہی اقتدار میں کامیاب ثابت ہوا اور نہ ہی اپوزیشن میں اہل ثابت ہو سکا ،بین الاقوامی طاقتیں اسے ریلیف دلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور نااہلی و ناکامی اسکا مستقبل و مقدر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے دور کی بگڑی ہوئی معیشت کو سنبھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں صحافیوں اور میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچادی ہے ،ملک جو پہلے بد ترین معاشی صورتحال کا سامنا کر رہا تھا اب اس قدرتی آفت کے بعد حالات اور سنگین ہوگئے ہیں اورفصلات و اجناس تباہ ہو گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں غذائی بحران سے نمٹنے کیلئے سبزیاں بھی باہر سے منگوانا پڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ، میلوں ایریا میں خشکی نام کی کوئی چیز نہ ہےاورلوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں سٹیٹ بینک کوآئی ایم ایف کے تابع کردیا، بیرونی دنیا،آئی ایم ایف،اے ٹی ایف ہمیں بلیک میل کرتے ہیں، معیشت پر پریشر ہے اور ایسی بگڑی ہوئی معیشت 2دن میں ٹھیک نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود مہنگائی اور عام آدمی کے حالات سے بخوبی آگاہ ہیں ،اسے بہتر کرنے میں وقت لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل اب تاریک ہے، ایک مرتبہ ملک اسکے حوالے کیا لیکن اب یہ رسک کبھی دوبارہ نہیں لیا جا سکتا ہے۔اس موقع پرجنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام پنجاب مولانا صفی ﷲ،امیدوار حلقہ پی پی 270محمد ارشد صدیقی ایڈووکیٹ،قائم مقام امیر جمعت علماء اسلام ضلع مظفرگڑھ مولانا عبدالمجید توحیدی،امیر جمعیت علماء اسلام تحصیل کوٹ ادومولاناحمادمدنی،نائب امیر جمعیت علماء اسلام کوٹ ادو مولانا مغیری قمر،نائب امیر تحصیل کوٹ ادو مولانا عبدالمجید قاسمی،سرپرست جمعیت علماء اسلام تحصیل کوٹ ادو مولانا اشفاق قاسمی،ممبر صوبائی مجلس شوری جمعیت علماء اسلام پنجاب صاحبزادہ شرجیل قمر، مولانا سیف ﷲ،مولاناعبدالعزیز،مولانا عطاء الحق قاسمی،سابق سینیٹر میاں امجد عباس قریشی سمیت علمائے کرام جمیعت علماء اسلام کے عہدیداروں اور کارکنان کی ایک کثیر تعداد موجودتھی۔

قبل ازیں وہ معروف عالم دین مولانا مفتی عبدالجلیل اور ان کی اہلیہ کی وفات پر جامعہ مظاھرالعلوم گئے جہاں انہوں نے مفتی عبدالجلیل کے بیٹوں مولانااشفاق قاسمی ،مولانا عبید الرحمٰن قاسمی ،محمد عمر قاسمی، محمد عثمان قاسمی اورنواسے مفتی محمد عاصم سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ و طلباء سے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے راہنماء مہرشعیب الرحمن کی رہائش گاہ پر تشریف لائے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنما اور علماء کرام سے ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے سابق صدر بارورہنما جمیعت علماء اسلام محمد ارشد صدیقی کی ظہرانے میں بھی شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات