وزیر اعظم شہباز شریف کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی

مبینہ آڈیو میں سرکاری افسر نے شہبازشریف کو مریم نواز کی طرف سے اپنے داماد کیلئے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 10:47

وزیر اعظم شہباز شریف کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) وزیر اعظم شہباز شریف کی سرکاری افسر کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، مبینہ آڈیو میں سرکاری افسر نے شہبازشریف کو مریم نواز کی طرف سے اپنے داماد کیلئے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے منسوب کردہ ایک مبینہ لیک آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک سرکاری افسر مبینہ طور پر شہباز شریف سے مریم نواز کی سفارشوں کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا جاسکتا ہے، اس مبینہ آڈیو میں سرکاری افسر نے شہباز شریف کو مریم نواز کی طرف سے اپنے داماد راحیل کے لیے بھارت سے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے آڈیو میں مبینہ طور پر مریم نواز کے داماد کے لیے سرکاری افسر کو ہدایات جاری کیں، جس پر سرکاری افسر نے کہا کہ سر یہ کام بہت مشکل ہے، پہلے یہ ای سی سی میں جائے گا پھر کابینہ میں آئے گا، اس پر شدید ردعمل آنے کا خدشہ ہے اور یہ ہمارے گلے پڑجائے گا۔

(جاری ہے)

ادھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کرنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10 اکتوبر کے بعد ہر ضلع میں مریم نواز اور حمزہ شہباز دورہ کریں گے جہاں مریم نواز اور حمزہ شہباز ضلعی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تنظیموں کو اسکا پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔