Live Updates

’اکتوبر میں اہم فیصلے ہوجائیں گے‘ شیخ رشید احمد کا دعویٰ

وقت کا تقاضا ہے کہ انا اور ضد چھوڑ کر صاف شفاف الیکشن کا فوری فیصلہ کیا جائے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 11:14

’اکتوبر میں اہم فیصلے ہوجائیں گے‘ شیخ رشید احمد کا دعویٰ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ اکتوبر میں اہم فیصلے ہوجائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطون کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالات کے تقاضوں کو دیکھ کر ن لیگ بھی الیکشن مہم پر نکل رہی ہے، ستمبر ستمگر ہے اور اکتوبر میں اہم فیصلے ہوجائیں گے اور اس وقت ملک کے معاشی حالات اتنے گھمبیر ہیں کہ اگر کسی نے کال نہ دی تو بھی لوگ سڑکوں پر ہوں گے کیوں کہ ان کے گھروں میں بھوک اور ننگ ہے، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ انا اور ضد کو چھوڑ کر صاف شفاف الیکشن کا فوری فیصلہ کیا جائے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاستدان عام آدمی کے مسائل نہیں سمجھ رہا صرف میڈیا میڈیا کھیل رہا ہے، سیاسی لڑائی طویل ہوئی توغریب کے حالات اور گھمبیر ہوجائیں گے جب کہ اسرائیل سے تعلقات اور بھارت سے تجارت کی مثال شہبازشریف کی آڈیولیک میں سامنے آگئی، شریف خاندان بھارت سے بغیر کلیئرنس اپنی شوگرملوں کےلئے انجینئر منگواتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے 3 دن میں حکومت گرنے کی پیش گوئی کردی گئی، ایکسپریس نیوز کے مطابق نوشہرہ کے علاقے میں جہانگیرہ ڈھیری میں سماجی شخصیت اور ان کے بیٹوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آنے والے تین دنوں میں دھڑام سے گرے گی، شہباز شریف کی حکومت خود مستعفیٰ ہوگی اور الیکشن کا بھی جلد اعلان ہوجائے گا، جس کے نتیجے میں عمران خان کو پھر سے اقتدار میں لانا عوام کی ضد ہے کیوں کہ نواز شریف اور زرداری ملک سے مخلص نہیں ہیں، انہوں نے عوام کو لوٹا ہےاور مسلسل لوٹتے جارہے ہیں، اس لیے خیبر پختونخوا کی عوام نے تحریک انصاف کی حکومت لاکر تبدیلی کا اعلان کردیا اور تحریک انصاف کی مقبولیت کی واحد وجہ نوجوان ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات