Live Updates

وفاقی وزیر کا قومی اسمبلی واپسی پر پی ٹی آئی کو خوش آمدید کہنے کا اعلان

اگر پاکستان تحریک انصاف واپس اسمبلی میں آتی ہے تو ان کو ویلکم کریں گے۔ ن لیگی رہنماء احسن اقبال کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 11:44

وفاقی وزیر کا قومی اسمبلی واپسی پر پی ٹی آئی کو خوش آمدید کہنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی اسمبلی واپسی پر پاکستان تحریک انصاف کو خوش آمدید کہنے کا اعلان کردیا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف واپس اسمبلی میں آتی ہے تو ان کو ویلکم کریں گے، جاوید لطیف نے پی ٹی آئی کی سہولت کاری پر غیر ضروری بیان دیا ہے، وہ یہ بیان دینے کے مجاز نہیں تھے، جاوید لطیف کے بیان کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ادھر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی امریکی سائفر کی تحقیقات سے مشروط کردی ، انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، ہمارے اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات تھے، پتہ نہیں کب کیسے خراب ہوئے، خطے میں سب کے ساتھ ملکی مفاد کے تحت تعلقات چاہتے ہیں، امریکا کے ساتھ تعلقات ملکی مفاد کے تحت چاہتا ہوں، بھارت کی برتری اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی فارن پالیسی نہیں ہو سکتی، مودی پاکستان کو توڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بعد نوازشریف بھی وطن واپسی کی تیاری کر رہا ہے، شہباز شریف کی تقریر ملک کے دیوالیے ہونے کا اعلان ہے، موجودہ حکومت معیشت کو ایسے مقام پر لے آئی ہے دوا کی بجائے سرجری کی ضرورت ہے، شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، مفتاح اسماعیل کینسر کا علاج ڈسپرین سے کر رہے ہیں، حکومت کی ترجیحات معیشت نہیں اپنی کرپشن بچانا ہے، اس لیےموجودہ حکومت نیب کے گیارہ سو ارب روپے کے مقدمات ختم کرائے، نیب کا کیس ختم ہوتے ہی اسحاق ڈار وطن واپس آنے کو تیار ہیں،تحریک انصاف پہلی بار حکومت میں آئی تھی اس لیے غلطیاں ہوئی تھیں، اب حکومت ملی تو ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات