Live Updates

وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کی مبینہ آڈیو لیک‘ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق اہم گفتگو سامنے آگئی

مبینہ آڈیو میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں کی آوازیں ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 12:22

وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کی مبینہ آڈیو لیک‘ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، جس میں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق اہم گفتگو سامنے آگئی، آڈیو میں مبینہ طور پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر رہنماؤں کی آوازیں ہیں، لیک آڈیو میں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کے لیے لندن سے اجازت لینے پر بھی گفتگو کی گئی۔

جیو اور اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک مبینہ آڈیو ٹیپ میں پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کے استعفوں سے متعلق حتمی منظوری لندن سے لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لیک ہونے والی مبینہ آڈیو لیک میں ایک نامعلوم شخص کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ تیس تیس ارکان کو نوٹس دے رہے ہیں، جس پر ایاز صادق نے کہا ہم لسٹ بنا کر دیں گے کہ کس کس کو ملنا ہے، اس کی اپروول لیڈرشپ دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6 تاریخ کوجن 30 لوگوں نے پیش ہونا ہے ان میں سے چھ، سات کے استعفے قبول کر لیں گے، جن کے استعفے قبول نہیں کرنے کہہ دیں گے کہ دستخط ٹھیک نہیں تھے۔ اس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وہ لوگ دوبارہ ہاؤس میں آئیں استعفے دینے، اس معاملے کو میاں صاحب سے کلیئر کروا لیں گے، مبینہ آڈیو میں خواجہ آصف کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 6 تاریخ کے بعد ہمارے پاس اختیار ہوگا کہ کسے رکھنا ہے اور کسے نہیں جب کہ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر اسی طرح چار یا پانچ روز نکلتے جائیں گے تو ان میں کھلبلی مچ جائے گی، میری گزراش ہے کہ اس میں دیر نہ کریں۔

اسی طرح وزیر اعظم شہباز شریف کی سرکاری افسر کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی، مبینہ آڈیو میں سرکاری افسر نے شہبازشریف کو مریم نواز کی طرف سے اپنے داماد کیلئے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے منسوب کردہ ایک مبینہ لیک آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک سرکاری افسر مبینہ طور پر شہباز شریف سے مریم نواز کی سفارشوں کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا جاسکتا ہے، اس مبینہ آڈیو میں سرکاری افسر نے شہباز شریف کو مریم نواز کی طرف سے اپنے داماد راحیل کے لیے بھارت سے پاور پلانٹ امپورٹ کرنے سے متعلق سفارش کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے آڈیو میں مبینہ طور پر مریم نواز کے داماد کے لیے سرکاری افسر کو ہدایات جاری کیں، جس پر سرکاری افسر نے کہا کہ سر یہ کام بہت مشکل ہے، پہلے یہ ای سی سی میں جائے گا پھر کابینہ میں آئے گا، اس پر شدید ردعمل آنے کا خدشہ ہے اور یہ ہمارے گلے پڑجائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات