Live Updates

عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلادیا؛ وزیرِ اعظم

عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے اس مشکل سے نکل آئیں گے۔ شہباز شریف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 12:45

عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلادیا؛ وزیرِ اعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں پر جائزے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعظم لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے، اس دوران وزیرِ اعظم کو این ایف آر سی سی حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا، عالمی رہنماؤں کو حکومت کی امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا،اس حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشاء اللّٰه اس مشکل سے نکل آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کی، انہوں نے یقین دلایا کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یقین دلایا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کرائی جائے گی، بل گیٹس سے ملاقات میں سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے معاملات پر بات ہوئی۔

دوسری طرف چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ امریکہ کا دورہ کرنے والے وزراء کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امریکی اداکارہ پاکستان آئی جبکہ یہ لوگ اٹھ کر بیرون ملک چلے گئے، وہاں مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں، امریکی دورے پرقوم کے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، امریکا سے بھیک مانگی جا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جس طرح کا سیلاب آیا دنیا کو ہماری مدد کرنی چاہیے تھی، دنیا کو زرداری، شریف خاندان کی چوریوں کا پتا ہے اس لیے مدد نہیں کر رہے، 30 سال دونوں پارٹیوں نے ملک کا دیوالیہ نکالا آج بیرون ملک پیسے مانگ رہے ہیں، بیرون ممالک سب کو پتا ہے ان کے اپنے پیسے باہر پڑے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات