پاک فضائیہ نے ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد و بحالی کے عمل کو تیز کردیا

اتوار 25 ستمبر 2022 15:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2022ء) پاک فضائیہ نےخیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے متاثرینِ سیلاب کی امداد کے لیے ضروری طبی سامان اور سہولیات کی فراہمی کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی اور متعدی بیماریاں، جیسے کہ ڈینگی، ملیریا، ہیضہ، پیچش اور گیسٹرو کے نئے ابھرتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر پاک فضائیہ کے اہلکار بشمول میڈیکل اور معاون عملہ سیلاب متاثرین کو خوراک، رہائش اور پینے کےصاف پانی جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کی جانب سے قائم کردہ فیلڈ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو شب و روز مفت طبی سامان اور تشخیصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے میں پاک فضائیہ کے میڈیکل سٹاف نے 700 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ بھی کیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 16 ہزار 610 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 250 پانی کی بوتلیں اور 2ہزار 198خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیے۔