بلدیاتی اور جنرل الیکشن کی تیاری ہمارا حدف ہے‘ذکرا للہ مجاہد

آئندہ بلدیاتی و قومی الیکشن میں اہل لاہور کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت فراہم کریں گے‘ اجلاس سے خطاب

منگل 27 ستمبر 2022 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2022ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بلدیاتی اور جنرل الیکشن کی تیاری ہمارا حدف ہے۔ جس کیلئے تیاری کیلئے تمام صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کے نشاندہی اور ان کے حل کیلئے تمام کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔ رابطہ عوام مہم کو تیز کریں اور لوگوں تک جماعت اسلامی کا منشور ہر گلی، محلے، گھر اور فرد تک پہنچائیں۔

ہماری سیاست کا مقصد قرآن وسنت کا بابرکت نظام اور خدمت خلق ہے۔ اس ملک کے لوگوں کو جماعت اسلامی کی خدمت گارقیادت پر اعتماد کرنا چاہیے۔دیانتدار باصلاحیت اور خدمت کرنے والی قیادت ہی اس ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 118 کے امیدوار کے چناؤ کیلئے ارکان و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد شوکت امیر شمالی لاہور سیف الرحمن اور سیکریٹری شمالی لاہور عثمان افضل سمیت پی پی 146 اور پی پی 147 سے کارکنان نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بے تحاشہ مہنگائی و بے روزگاری اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔

لوگ دو قت کی روٹی کیلئے پریشان ہے۔ حکمران طبقہ مفادات کی لڑائی میں عوام کے مسائل کو بھول چکا ہے۔بجلی، پیٹرول، گیس سمیت آٹا، چینی، گھی اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں ۔ ملک کا غریب اور متوسط طبقہ فاقوں پر مجبور ہے۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے ریلیف کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا اور مسائل حل کرنے کی بجائے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا ہے۔ امیر لاہور نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی و قومی الیکشن میں اہل لاہور کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت فراہم کریں گے۔ امیدواران ، کارکنان و ذمہ داران لوگ تک پہنچیں اور اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کو تیز کریں۔