ٹی ٹونٹی رینکنگ ، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن پر ترقی

رضوان کی پہلی پوزیشن مزید مستحکم ، حارث رئوف بھی 21 ویں سے 14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 ستمبر 2022 13:42

ٹی ٹونٹی رینکنگ ، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن پر ترقی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 ستمبر 2022ء ) آئی سی سی کی نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے محمد رضوان کا ٹی ٹونٹی بیٹرز میں پہلا نمبر برقرار ہے اور محمد رضوان کے رینکنگ پوائنٹس 825 سے بڑھ کر861 ہو گئے ہیں۔ بھارت کے سوریا کمار یادیو دوسرے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم دوسرے ٹی ٹونٹی میں اپنے کیریئر کی دوسری سنچری سکور کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

انگلینڈ کے ہیری بروک اور بین ڈکٹ کی رینکنگ میں 8 درجے ترقی ہوئی ہے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 29 ویں اور 32 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقا کے تبریز شمسی دوسرے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ افغانستان کے راشد خان چوتھے اور سری لنکا کے وانندو ہسارنگا پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی رینکنگ میں 7 درجے ترقی ہوئی ہے اور حارث رؤف 14 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ شاداب خان 16 ویں اور شاہین آفریدی 24 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔