کراچی، تیزاب سے جھلسنے والا خرم سابق چیف جسٹس گلزار کا ڈرائیور نکلا

واقعہ صدر میں رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا، جس کی تحقیقات میں پریڈی پولیس مصروف ہے

بدھ 28 ستمبر 2022 17:08

کراچی، تیزاب سے جھلسنے والا خرم سابق چیف جسٹس گلزار کا ڈرائیور نکلا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2022ء) کراچی کے علاقے صدر میں تیزاب پھینکے جانے سے جھلسنے والا خرم احمد سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان گلزار احمد کا ڈرائیور نکلا۔واقعہ صدر میں رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا، جس کی تحقیقات میں پریڈی پولیس مصروف ہے۔ایم اے جناح روڈ سے رینبو سینٹر کی طرف آتے ہوئے 40 سالہ خرم احمد پر کسی نے تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے ۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیزاب سے متاثر ہو کر خرم رینبو سینٹر کے سامنے رکتا ہے۔خرم کو تیزاب سے جھلس کر زخمی ہونے کے بعد ٹریفک پولیس کے اہل کار بلاول نے جناح اسپتال پہنچایا۔علاقہ مکینوں کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزم نے خرم پر تیزاب پھینکا تھا جس سے اس کے کپڑے اور جسم کے کچھ حصے جھلس گئے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے دوران تیزاب کی چھینٹیں پڑنے سے اسکول کے 2 بچوں اور ان کے والد کے کپڑے بھی متاثر ہوئے تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔