راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، امن و امان کا جائزہ

انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہوٹل میں عام لوگوں کے میل جول پر تشویش کا اظہار جنریٹرز کی تعداد پر تحفظات، سموگ کے پیش نظر متبادل ذرائع کا جائزہ لیں‘صوبائی وزیر راجہ بشارت

بدھ 28 ستمبر 2022 18:11

راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، امن و امان کا جائزہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2022ء) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں انگلینڈ ٹیم کے دورہ لاہور اور صوبے میں لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ کرنل (ر)محمد ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم)کیپٹن (ر)اسد اللہ، سی سی پی او لاہور، کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے لاہور میں 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 3 میچ کھیلنے ہیں۔ حکومت کی طرف سے انگلینڈ کی ٹیم کو وی وی آئی پی کا سٹیٹس دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے دوران شہریوں کیلئے ٹریفک کے کم سے کم مسائل پیدا ہونے چاہئیں۔ کابینہ کمیٹی نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہوٹل میں قیام کے دوران عام لوگوں کے میل جول پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ پی سی بی کے نوٹس میں لایا جائے۔

صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ مہمان ٹیم کیلئے طے شدہ سکیورٹی پروٹوکول پر عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے دوران لوڈشیڈنگ کی صورت میں جنریٹرز کی تعداد پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ راجہ بشارت نے ضلعی انتظامیہ اور پی سی بی سے کہا کہ سموگ کے خطرے کے پیش نظر متبادل ذرائع کا جائزہ لیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں 6 اکتوبر سے پاکستان جونیئر لیگ بھی شروع ہوگی۔ انڈر 19 کے میچ 21 اکتوبر تک جاری رہیں گے جس میں ڈیرن سیمی سمیت بعض غیرملکی کھلاڑی بھی مدعو کئے گئے ہیں۔