وزیراعلیٰ پنجاب کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا پہلا وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد

بدھ 28 ستمبر 2022 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب چو ہدری پرویز الہٰی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا پہلا وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کے نئے افق کو چھوئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان ایک زیرک، مدبر رہنما ہیں اور ان کی قیادت میں سعودی عرب کی معیشت اور دفاع مزید مضبوط ہوگا۔ وزیراعظم محمد بن سلمان کی قیادت میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید عروج ملے گا۔ چو ہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔